ہجرت کا پہلا سال

-: مسجد قباء

-: مسجد الجمعہ

-: ابو ایوب انصاری کا مکان

-: حضرت عبداﷲ بن سلام کا اسلام

-: حضور کے اہل و عیال مدینہ میں

-: مسجد نبوی کی تعمیر

مدینہ میں کوئی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں مسلمان با جماعت نماز پڑھ سکیں اس لئے مسجد کی تعمیر نہایت ضروری تھی حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کی قیام گاہ کے قریب ہی ’’بنو النجار‘‘ کا ایک باغ تھا۔ آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے مسجد تعمیر کرنے کے لئے اس باغ کو قیمت دے کر خریدنا چاہا۔ ان لوگوں نے یہ کہہ کر ’’ یا رسول اﷲ!صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ہم خدا ہی سے اس کی قیمت (اجرو ثواب)لیں گے۔‘‘ مفت میں زمین مسجد کی تعمیر کے لئے پیش کر دی لیکن چونکہ یہ زمین اصل میں دو یتیموں کی تھی آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے ان دونوں یتیم بچوں کو بلا بھیجا ۔ ان یتیم بچوں نے بھی زمین مسجد کے لئے نذر کرنی چاہی مگر حضور سرورِ عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے اس کو پسند نہیں فرمایا۔اس لئے حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ تعالٰی عنہ کے مال سے آپ نے اس کی قیمت ادا فرما دی۔1

(مدارج النبوۃ، ج۲ ، ص۶۸)

اس زمین میں چند درخت، کچھ کھنڈرات اور کچھ مشرکوں کی قبریں تھیں ۔ آپ نے درختوں کے کاٹنے اور مشرکین کی قبروں کو کھود کر پھینک دینے کا حکم دیا۔ پھر زمین کو ہموار کرکے خود آپ نے اپنے دست مبارک سے مسجد کی بنیاد ڈالی اور کچی اینٹوں کی دیوار اور کھجور کے ستونوں پر کھجور کی پتیوں سے چھت بنائی جو بارش میں ٹپکتی تھی۔ اس مسجد کی تعمیر میں صحابہ کرام رضی اﷲ تعالٰی عنہم کے ساتھ خود حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم بھی اینٹیں اٹھا اٹھا کر لاتے تھے اور صحابہ کرام رضی اﷲ تعالٰی عنہم کو جوش دلانے کے لئے ان کے ساتھ آواز ملا کر حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم رجز کا یہ شعر پڑھتے تھے کہ ؎

اَللّٰھُمَّ لَاخَیْرَ اِلَّا خَیْرُ الْاٰخِرَۃَ فَاغْفِرِ الْاَنْصَارَ وَ الْمُھَاجِرَۃَ2

(بخاری ج۱ ص۶۱)

اے اﷲ!بھلائی تو صرف آخرت ہی کی بھلائی ہے۔ لہٰذا اے اﷲ!تو انصارو مہاجرین کو بخش دے۔اسی مسجد کا نام ’’مسجد نبوی‘‘ ہے۔ یہ مسجد ہر قسم کے دُنیوی تکلفات سے پاک اور اسلام کی سادگی کی سچی اور صحیح تصویر تھی، اس مسجد کی عمارتِ اوّل طول و عرض میں ساٹھ گز لمبی اور چون گز چوڑی تھی اور اس کا قبلہ بیت المقدس کی طرف بنایا گیا تھا مگر جب قبلہ بدل کر کعبہ کی طرف ہو گیا تو مسجد کے شمالی جانب ایک نیا دروازہ قائم کیا گیا۔ اس کے بعد مختلف زمانوں میں مسجد نبوی کی تجدید و توسیع ہوتی رہی۔

مسجد کے ایک کنارے پر ایک چبوترہ تھا جس پر کھجور کی پتیوں سے چھت بنا دی گئی تھی۔ اسی چبوترہ کا نام ’’صفہ‘‘ ہے جو صحابہ گھر بار نہیں رکھتے تھے وہ اسی چبوترہ پر سوتے بیٹھتے تھے اور یہی لوگ ’’اصحاب صفہ‘‘ کہلاتے ہیں ۔3

(مدارج النبوۃ، ج۲، ص۶۹وبخاری)


1مدارج النبوت ، قسم سوم، باب اول، ج۲، ص۶۷، ۶۸ 2صحیح البخاری ، کتاب الصلٰوۃ ، باب ھل تنبش قبور مشرکی الجاھلیۃ۔۔۔الخ، الحدیث : ۴۲۸، ج۱، ص۱۶۵ 3مدارج النبوت ، قسم سوم ، با ب اول، ج۲، ص۶۸ملخصاًوالمواہب اللدنیۃ والزرقانی، ذکر بناء المسجد النبوی۔۔۔الخ، ج۲، ص۱۸۶

-: ازواجِ مطہرات رضی اللہ تعالٰی عنہن کے مکانات

-: مہاجرین کے گھر

-: حضرت عائشہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی رُخصتی

-: اذان کی ابتداء

-: انصار و مہاجر بھائی بھائی

-: یہودیوں سے معاہدہ

-: مدینہ کے لئے دُعا

-: حضرت سلمان فارسی مسلمان ہو گئے

-: نمازوں کی رکعت میں اضافہ

-: تین جاں نثاروں کی وفات